بسم اللّٰہ , الحمد اللّٰہ
اُم باسل

ہر کام بسم اللّٰہ پڑھ کر شروع کرنا اور الحمد اللّٰہ پڑھ کر ختم کرنا اچھی بات ہے۔

زینب اور زین دونوں آپس میں بہن بھائی ہیں۔ دونوں ایک ساتھ کھیلتے ہیں اور ہمیشہ ایک ساتھ بیٹھ کر سکول کا کام کرتے ہیں۔ آج بھی دونوں امّی کی پہلی آواز پر جلدی سے ہوم ورک کرنے بیٹھ گئے۔ مگر جلد ہی زینب نے کہا، ”اُف!!! مجھ سے نہیں ہوتا یہ کام۔۔۔ بہت مشکل ہے۔” اور ساتھ ہی اپنی پینسل پریشان ہوتے ہوئے کاپی پر پھینک دی۔
”مجھ سے بھی نہیں ہوتا یہ کام وام!” زینب کی دیکھا دیکھی زین نے بھی اپنی پینسل کاپی پر پھینکتے ہوئے کہا ۔سامنے دادا جان صوفے پر بیٹھے کتاب پڑھ رہے تھے۔ انھوں نے دونوںبہن بھائی کو جب پریشان دیکھا تو کتاب سائیڈ ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا: ”کیا ہوا بھئی! آپ دونوں اپنا کام چھوڑ کر اس طرح کیوں پریشان بیٹھے ہیں؟”
”دادا جان! بھئی ہم سے نہیں ہوتا یہ ہوم ورک۔۔۔ بہت مشکل ہے۔۔۔ دیکھیں سارا کام خراب ہوگیا۔” دونوں نے اپنا کام دادا جان کو دکھاتے ہوئے ایک ساتھ کہا تو دادا جان نے سارا مسئلہ سمجھتے ہوئے ان سے کہا: ”بچو!لگتا ہے آج آپ دونوں کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا بھول گئے ہیں۔۔۔ جب بھی آپ دونوں کا کام خراب ہوگیا ہے۔”
دادا جان کی بات سن کر اچانک انھیں یاد آیا کہ واقعی آج تو وہ دونوں کام شروع کرنے سے پہلے ”بسم اللہ”پڑھنا بھول گئے ہیں۔ اب تو دونوں نے شرمندگی سے دانتوں میں انگلی دابی اور (ہاں میں) سر ہلاتے ہوئے اپنی غلطی کا اقرار کیا۔
دادا جان نے بہت پیار سے کہا: ”ادھر آؤ!میرے پاس بیٹھو ۔” دونوں جھٹ پٹ
صوفے پر دادا جان کے دائیں بائیں بیٹھ گئے تو دادا جان نے بھی پیار سے دونوں کے کندھوں پر اپنے ہاتھ پھیلا ئے اور خود سے قریب کرتے ہوئے سوال کیا: ”یہ بتائیے ہم سب کون ہیں؟”
”مسلمان!” دونوں نے ایک ساتھ جواب دیا۔
”ہم سب کس کا کہنا مانتے ہیں؟”
”اللہ سبحانہ تعالیٰ کا!”
”اور ہمارا دشمن کون ہے جو ہمیں اللہ کا حکم ماننے سے روکتا ہے؟”
”شیطان!”

”تو بیٹا! اگر کوئی کام شروع کرنے سے پہلے ہم بسم اللہ پڑھنا یعنی اللہ کا نام لینا بھول جائیں تو یہی شیطان ہمیں تنگ کرتا ہے تاکہ ہم سے اچھا کام نہ ہو سکے کام خراب ہوجائے یا کام نہ ہوپائے۔۔۔ اور آخر یا تو کام خراب ہوجاتا ہے یا نہیں ہوپاتا۔۔۔ جیسا آج آپ دونوں کے ساتھ ہوا۔”
”دادا جان! اگر ہم بسم اللہ پڑھ کر کام شروع کریں گے تو یہ شیطان ہمیں تنگ نہیں کرے گا؟” زین نے جھٹ سے سوال کیا۔
”نہیں بالکل نہیں! کیونکہ اللہ کا نام لیکر کام شروع کرنے سے شیطان دور ہوجاتا ہے۔ کام میں برکت ہوتی ہے اور کام آسان ہوجاتا ہے۔۔۔ یہی فائدہ ہے اس کے پڑھنے کا ۔۔۔اور اللہ بھی خوش ہوتا ہے۔ پھر جب کام ختم ہوجائے تو آخر میں بھی اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے الحمد اللہ کہنا چاہیے۔”
دونوں نے سمجھ جانے کے انداز میں گردن ہلائی۔ دادا جان بولے، ”اچھا بیٹا!اب آپ دونوں جلدی سے اپنا یہ کام مٹائیے اور بسم اللہ الرحمن الرحیم (یعنی شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے) پڑھ کر کام شروع کیجیے اور جب کام ختم کرلیں تو الحمد لللّٰہ پڑھیے (یعنی اللہ تیرا شکر ہے) اس طرح شیطان آپ کو کبھی تنگ نہیں کرے گا۔”
”ٹھیک ہے دادا جان! اب ہم ہمیشہ اپنے دشمن سے ایسے ہی مقابلہ کریں گے ”
دونوں نے اپنا ہوم ورک مٹایا اور بسم اللہ پڑھ کر دوبارہ شروع کیا۔ اس بار دونوں بہن بھائی نے بہت جلد اور آسانی سے کام ختم کرلیا ۔ آخر میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے الحمداللہ بھی کہا پھر دادا جان کو اپنا کام دکھاتے ہوئے خوشی سے دونوں نے کہا:
”دادا جان، دادا جان! یہ دیکھیے
جب لیا اللہ کا نام تو۔۔۔۔۔۔ بھاگا بُرا شیطان اور۔۔۔۔۔
کام ہوا آسان ۔۔۔۔۔۔ الحمد اللہ!!!
دادا جان نے خوش ہو کر کہا:”شاباش بچو! ہمیشہ یاد رکھنا، ہر کام بسم اللہ پڑھ کر شروع کرنا اور الحمد اللہ پڑھ کر ختم کرنا اچھی بات ہے۔”
”اچھی بات دادا جان! اب ہم ہمیشہ یاد رکھیںگے۔” دونوں نے ایک ساتھ کہا۔

شائع شدہ ، ماہنامہ طفلی، شمارہ جنوری۲۰۱۸
سبسکرپشن کے لیے کلک کیجیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Top
error

Enjoy this blog? Please spread the word :)